وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہمسائے ملک میں جو جھپیاں چل رہی تھیں اس میں مودی کے بیانیے کو شکست ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام کابینہ اراکین کو سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کی تشخیص کو اجاگر کرنے کی ہدایات کی ہیں جبکہ بدھ کو وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کیا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل طلب کیے گئے اجلاس میں بجلی کی قیمت اور ٹرانسمیشن لائن پر بات کی جائے گی، ہماری ٹرانسمیشن لائن 18 ہزار میگا واٹ سے زیادہ کا لوڈ برداشت نہیں کر سکتی جبکہ گرمیوں میں 26 ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے زیادہ خطرناک بجلی کا کنڈا وائرس ہے۔کرونا وائرس متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج تک کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جبکہ وزرات صحت لوگوں میں آگاہی اور سرحد پر حفاظتی اقدام کر رہی ہے۔ پڑوسی ممالک میں کورونا وائرس پہنچ چکا ہے۔