لاہورکے سفاری پارک میں شیرکے حملے میں ایک لڑکا مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے سفاری پارک میں شیروں نے ان کی کچھارکی جانب آنے والے لڑکے پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لڑکے کی عمر17 سال بتائی گئی ہے اور وہ شیروں کے علاقے میں گھاس کاٹنے کی غرض سے داخل ہوا تھا جس پر شیروں نے اس پرحملہ کرکے چیر پھاڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکا گھاس کاٹنے کیلئے شیروں کے حصے مٰیں چلا گیا۔ پارک انتظامیہ کے مطابق فتح سنگھ کا رہائشی بلال دیوار پھلانگ کر شیروں کی کچھار کے قریب گھاس کاٹنے چلا گیاتھا اور شیروں کی آمد پر اسے بھاگنے کا موقع نہیں مل سکا۔ پتہ چلتے ہی پارک انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی تاہم تب تک بہت دیر ہوچکی تھی اور شیر اسے کھا چکے تھے وہاں اس کی چند ہڈیاں ہی باقی بچیں تھیں۔ افسوسناک واقعہ کی سفاری پارک کی انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
سفاری پارک کی قریبی آبادی سے تعلق رکھنے والا17 سالہ بلال گزشتہ دوروز سے لاپتہ تھا اور اہلخانہ اس کی تلاش میں فکرمند تھے۔ آج میڈیا پر ایک نوجوان کے شیر وں کا شکار ہوجانے کی خبریں سامنے آئیں تولواحقین بھی وہاں پہنچ گئے۔ اور بلال کو وہاں موجود اس کے کپڑوں، جوتے، اوروہاں پڑی درانتی سے پہچانا۔انہیں وہاں بلال کی ہڈیاں اور کھوپڑی ہی ملی جس پر سے تمام گوشت مبینہ طور پر شیر چٹ کرچکے تھے۔
نجی ٹی وی کے مطابق غم سے نڈھال لواحقین کا کہنا ہے کہ آج سے کچھ سال پہلے بلال کے ماموں کو بھی سفاری پارک ہی میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد یہ سوال اٹھنے لگے ہیں کہ آیا بلال کو واقعی شیروں نے کھایا یا پھر اسے قتل کیاگیا۔
دوسری جانب پارک انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وہ دیوار پھلانگ کر شیروں کے علاقے میں گھاس کاٹنے آیا تاہم والدین کا کہنا ہے کہ گھاس تو اس نے قریبی کھیتوں سے کاٹا کیونکہ شیر کے علاقے میں کسی قسم کا چارہ ہے ہی نہیں تو وہ وہاں کیسے کاٹنے کیلئے آسکتا ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ جس قدر بلند یہ جالی ہے اسے کوئی بچہ کراس کرہی نہیں سکتا ،لواحقین نے اس شک کااظہارکیا ہے کہ ان کے بچے کو یہاں کسی سازش کے تحت لایا گیاہے۔ٹی وی پر دکھائے گئے جنگلے سے بھی محسوس ہوتا ہے کہ اسے پار کرنا آسان نہیں۔
ادھر لواحقین نے سفاری پارک کے انتظامیہ کے دفاتر پرمشتعل ہو کر حملہ بھی کیا ہے اور توڑ پھوڑ کی ہے۔
اس سے قبل مختلف ٹی وی چینلز پر سفاری پارک انتظامیہ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ بچے کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، اور پھر کہا کہ وہ گھاس کاٹنے کیلئے جنگلہ پھلانگ کر شیروں کے علاقے میں گھس گیا تھا جس کی وجہ سے شیروں نے اسے چیر پھاڑکرکھالیا۔
واضح رہے کہ رائیونڈ روڈ پر واقع سفاری پارک میں جانوروں کے لئے وسیع علاقہ مختص کیا گیا ہے جہاں وہ پنجروں میں کے علاوہ ان سے متصل کھلے علاقے میں بھی آزادانہ گھومتے پھرتے رہتے ہیں۔