ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا طالبان معاہدے میں وزیرخارجہ شاہ محمود پاکستان کی نمائندگی کریں گے، کرونا کے معاملے پر ایران کی حکومت سے رابطے ہیں، وائرس سے نمٹنے کیلیے چین کے اقدامات بہت بہتر ہیں۔ امریکا بھارت ڈیل سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہو گا، بھارت کو پاکستانی افواج کی تیاری پرشک نہیں ہوناچاہیے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفننگ کے دوران کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلیے وفاقی اورصوبائی حکومتیں متحرک ہیں، اس معاملے پر ایران کی حکومت سے رابطے ہیں، تہران میں پاکستانی سفارتخانہ متحرک اور ہاٹ لائن نمبرمختص کر دیے گئے ہیں۔ وزارت صحت کرونا وائرس کے معاملے پر بہت متحرک ہے، چین نے بھی مسئلے سے نمٹنے کیلیے بہتر اقدامات کیے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان معاہدے میں وزیرخارجہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے، پاکستان بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متاثر رہا ہے، کلبھوشن یادیو ریاستی دہشت گردی کی مثال ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، کشمیرکی صورتحال پر عالمی برادری آگاہ ہو چکی ہے۔ پاکستان کو امریکا بھارت دفاعی ڈیل پر تشویش ہے جس سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہو گا۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ بھارت سمیت کسی کوپاکستانی افواج اورعوام کی تیاری پرشک نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔