مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا لیگی رہنما احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں نوازشریف نے ضمانت ملنے پرمبارکباد دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں نوازشریف کا کہنا تھاکہ سچ کا ساتھ دینے پرآپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کسی دبائومیں آنے کی ضرورت نہیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتا یا ہے کہ نوازشریف کی جانب سے حوصلہ بڑھانے پر احسن اقبال نے ان کا شکریہ اداکیا۔
یاد رہے کہ دوروز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ کے رہنما احسن اقبال کی ضمانت بعد ازگرفتاری منظورکی ہے،عدالت نے احسن اقبال کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللّٰہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظورکی،اس دوران احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل نیب نے خدشہ ظاہرکیا کہ ملزم باہر آیا تو کیس کا ریکارڈ خراب کر سکتا ہے،ملزم کے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات بھی کر رہے ہیں، ملزم کے بیرون ملک فراراور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا بھی خدشہ ہے۔