پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہو گئی،امریکہ میں بھی کرونا وائرس سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے حملے جاری ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ روز مزید دو نئے کیسز سامنے آئے جس میں سے ایک مریض کراچی اور دوسرا اسلام آباد سے رپورٹ ہوا جس کا اعلان مشیر صحت ظفر مرزا نے کیا۔
سعودی عرب کے بعد جاپان نے بھی پاکستانی شہریوں کے داخلے پرشرائط عائد کر دیں۔ جاپانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو مراسلہ میں کہا گیا کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں جنوبی کوریا کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کے جاپان میں داخلے پر پابندی عائد ہو گی جس کا باقاعدہ اطلاق 27 فروری سے کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ائرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد کراچی، لاہور اور پشاورایئرپورٹس پر بھی تین تھرمل اسکینرز نصب کر دیے گئے۔
دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 873 ہو گئی۔ ایران میں 43، اٹلی میں 29، جنوبی کوریا میں 17 اور جاپان میں 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس 57 ممالک تک پھیل گیا جبکہ ہانگ کانگ میں کتے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔