برطانیہ میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان خان کو نامعلوم افراد نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں حسن نواز کی رہائش گاہ کے قریب شام کی چہل قدمی کے دوران 2 نقاب پوشوں نے ڈاکٹر عدنان پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کیا اورانہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعدنان کے سر، چہرے اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کو آگاہ کر دیا گیاہے لیکن گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عدنان شدید زخمی نہیں ہوئے انہوں نے ڈکیتی کی رپورٹ کی ہے اور نامعلوم افراد ان کی گھڑی چھین کر فرار ہوئے۔
حملہ نوازشریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کےلیے کیا گیا۔شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدراوراپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہاہے کہ ڈاکٹرعدنان پرحملہ نوازشریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کےلیے کیا گیا،حملے کا اندازبتا رہا ہے کہ یہ منظم اورسوچی سمجھی واردات ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدراوراپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نےڈاکٹر عدنان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹرعدنان پر حملے کے واقعے کی رپورٹ درج کرادی گئی ہے،امید ہے لندن پولیس ملوث عناصرکو سامنے لائے گی۔
قائد حزب اختلاف کا مزید کہنا ہے کہ شرپسند اس سے پہلے ہماری رہائش گاہ پرحملے کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارٹی رہنما اور کارکن مشتعل نہ ہوں،ہم قانون کے ذریعے شرپسندعناصر تک پہنچیں گے۔