سلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال اوراہم امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔اراکین اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اظہار اعتماد کیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کیلیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں نشاط احمد ڈاھا،غیاث الدین، چوہدری اشرف علی، فیصل خان نیازی، غضنفرعلی خان، محمد ارشد، اظہرعباس اور سابق ایم این چوہدری طاہر بشیر چیمہ بھی شامل تھے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اعلان سردار عثمان بزدارکو یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا اراکین اسمبلی سے کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کو ساتھ لے کر چلیں گے اورعزت واحترام دیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اس ملک کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے انتہائی مشکل وقت میں حکومت سنبھالی۔ ماضی کے کانٹے چن چن کر صاف کر رہے ہیں۔ تبدیلی آ رہی ہے اورآ کر رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ آپ میرے لیے قابل احترام ہیں،آپ کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔
حمزہ شہبازنے ملاقات کا نوٹس لے لیا
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے اراکین کی ملاقات کا معاملہ علم میں آیا، پارٹی میں اس پر مشاورت ہوگی، جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اراکین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوششیں پہلے بھی ناکام ہوئیں۔ آج الیکشن ہو جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف ہیں۔