بھارتی وزیراعظم مودی کے حلقہ انتخاب وارانسی میں لوگوں کو بیدارکیا جا رہا ہے۔ وارانسی میں بھگوان پر بھی کرونا کے اثرکا خوف ہے اسی لیے لوگوں نے بیداری کے لیے بھگوان کو بھی ماسک پہنا دیا۔
سماجی خدمت گار رویندر ترویدی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ وارانسی کے پرہلاد گھاٹ پر بنے پرہلادیشور مندر میں شیولنگ کو ماسک سے ڈھک دیا ہے اورمندرکے باہر بھی پوسٹرلگا کرلوگوں کو بتا دیا گیا ہے۔ اس میں لکھا ہے کہ مندر میں آنے والے بھکتوں سے اپیل ہے کہ وہ مورتیوں کو نہ چھوئیں اور فی الحال دور سے ہی پوجا کریں۔
رویندر نے بتایا کہ کرونا وائرس کا اثراب دنیا میں بڑھ رہا ہے، چھونے سے یہ وائرس بڑھ سکتا ہے۔ اسی وجہ سے ہم نے لوگوں میں بیداری لانے کے لیے بھگوان کو بھی ماسک پہنا دیا ہے۔ اس سے لوگوں میں اچھا پیغام جائے گا۔ لوگ آپس میں بھی ایک دوسرے کو چھونے سے بچیں اوراس بارے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بیدار کریں۔ افواہ نہ پھیلائیں، تاکہ لوگوں میں کسی طرح کی کوئی دقت نہ ہو۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ہم لوگوں نے مندر کی مورتیوں اور خاص طور سے شیولنگ کو ماسک پہنایا ہے۔ ہماری گزارش ہے کہ لوگ مورتیوں کو نہ چھوئیں، اس سے بھی وائرس زیادہ لوگوں تک پہنچ سکتا ہے۔
پجاری منا تیواری کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ”جس طرح جاڑے میں بھگوان کے لیے کمبل، گرمی میں پنکھا-اے سی کا استعمال کرتے ہیں، ٹھیک اسی طرح بیداری کے لیے بھگوان کو ماسک پہنایا گیا ہے۔ کاشی بھگوان بھولے کی نگری ہے، یہاں سے پیغام دور دور تک جاتا ہے۔”
غورطلب ہے کہ چین کے ووہان سے پھیلا کرونا وائرس تیزی سے دنیا کے کئی ممالک کو اپنی زد میں لیتے جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ لوگوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار کو پار کر گئی ہے جب کہ چار ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
بھارت بھی اس خطرناک وائرس سے دور نہیں رہا،ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ تقریباً 47 لوگوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اتر پردیش، جموں، تلنگانہ، دہلی وغیرہ ریاستوں میں مشتبہ سامنے آنے کے بعد سے اس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جنگی سطح پر کام ہو رہا ہے۔
صحت سے متعلق سہولیات میں اضافے کے ساتھ ہی لوگوں کو بیدار کرنے کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے۔