پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کرونا کے مزید پانچ کیسز سامنے آئے ہیں جس سے مجموعی تعداد6 ہوگئی ہے۔
وزیر صحت برائے پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ پنجاب میں مزید48 کیسز کی رپورٹ آنے والی ہے اورعوام کو کرونا وائرس سے متعلق صورتحال سے آگاہ رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان میں 376 افراد قرنطینہ میں ہیں جب کہ 42 کے ٹیسٹ کیے ہیں جن میں سے5مثبت آئے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے بتایا کہ میواسپتال میں بھی کرونا وائرس کا ایک مریض زیرعلاج ہے۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد197 تک پہنچ چکی ہے۔ ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضی وہاب نے تصدیق کی ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے 155 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 152 زیرعلاج ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 15 اور بلوچستان میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اسلام آباد میں کرونا وائرس کے چار مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے تین زیرعلاج ہیں۔ گلگت بلتستان میں تین اور پنجاب میں 6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7,174 ہوگئی ہے جبکہ 182,742 افراد میں جان لیواوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں جہاں مجموعی تعداد 3,226 ہے۔ امریکہ میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 93 ہوگئی ہے جبکہ کینیڈا میں ایک روز میں کرونا وائرس سے تین افراد موت کی وادی میں چلے گئے اور مجموعی تعداد4 ہوگئی۔
اسپین میں 342 اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 148ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں پچپن افراد جان لیوا وائرس کا شکارہوگئے ایران میں کورونا سے853 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یورپ بھی کرونا وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں 44 میں سے 43 ممالک متاثر ہیں اور23 میں اموات بھی ہوئی ہیں۔