پاکستان میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی متضاد اطلاعات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج گرگئی۔ اسٹاک ایکسچینج میں 3اعشاریہ 68فیصد کی کمی واقع ہوئی اور 100انڈیکس ایک ہزار238پوائنٹس تک گرگیا جس سے سرمایہ کاروں کے اربوں ڈوب گئے۔
منگل کو بازار حصص میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100انڈیکس33ہزار684پوائنٹس پرتھا۔ابتدامیں کچھ بہتری کے آثار نظرآئے اورانڈیکس 33ہزار893تک جاپہنچا تاہم جیسے ہی میڈیا پر کرونا وائرس سے ایک شخص کی اطلاعات سامنے آئیں مارکیٹ میں شدید مندی ہوگئی اورانڈیکس 1238.03پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 32,416.41تک آگیا۔اس وقت ہنڈرڈ انڈیکس 32,521.44پر ٹریڈ کررہا ہے۔
گزشتہ روزکے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبارکا اختتام 2 ہزار335 پوائنٹس کی کمی پرہوا تھا جبکہ کاروبارکے آغازپر شدید مندی کی وجہ سے 45 منٹ کے لیے کاروبار روکنا پڑا۔
انڈیکس میں مسلسل کمی کے باعث سرمایہ کار انتہائی محتاط رویہ اختیارکیے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔