سندھ میں کرونا وائرس کے ریلیف فنڈ کے پیش نظرتنخواہوں سے کٹوتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے کرونا وائرس ریلیف فنڈ کے لیے صوبائی وزرا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہ سے 5 فیصد، گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے افسران کی تنخواہ سے 10 فیصد،گریڈ 21 کی 25 فیصد اورگریڈ 22 کے افسران کی تنخواہوں سے 100 فیصد کٹوتی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق صوبائی وزرا، معاونِ خصوصی اور مشیروں کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جائے گی، کٹوتی مارچ 2020 کی تنخواہ میں سے کی جائے گی۔ اس کٹوٹی سے حاصل ہونے والی رقم کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں جمع ہوگی اور اس سے کرونا وائرس سے بچاؤ، مریضوں کے علاج اورغریب متاثرین کی امداد کے لیے خرچ کی جائے گی۔