وزارت داخلہ نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پبلک ڈیلنگ سے متعلق تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کو دو ہفتوں کے لیے بند کردیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتی فیصلے کے تحت نادرا ،پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ، سی ڈی اے کے ون ونڈو سمیت تمام ایسے شعبہ جات جہاں عوام کا براہ راست عمل دخل اور ڈیلنگ شامل ہے اسے بھی دو ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر15دنوں کیلیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،پراپرٹی دفاتر، پارلرزاور بیوٹی سیلون بھی بند رہیں گے، شاپنگ مال رات 10بجے بند کردیے جائیں گے تاہم عوام کی سہولت کے پیشِ نظر ریستوران، فوڈ آؤٹ لیٹ کھلے رہیں گے جہاں صرف ٹیک اوے (کھانا گھر لے جانے) کی سہولیات میسر رہیں گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نزلہ زکام، بخار یاکسی بیماری میں مبتلا ملازمین گھر سے کام کریں، دفاتر میں ڈے کیئر سینٹرز بند رہیں گے، وہ خواتین اسٹاف اور ملازمین جو کم عمر/نوزائیدہ بچوں کی مائیں ہیں انہیں گھر سے اپنے امور انجام دینے کی اجازت ہے۔پبلک سروس ڈیلیوری کے تمام دفاتر بند رہیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ عوام کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔15 دنوں کیلیےحکومت نے تمام وفاقی دفاترو ملازمین کیلئے احکامات جاری کردیے ہیں۔اہم امورپرتعینات عملہ وافسران اپنی حاضری یقینی بنائیں گے،50سال یا زائد عمرکے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔