ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر1025ہوگئی جبکہ درجنوں مشتبہ مریض بھی سامنے آئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہوگئی۔ سندھ میں 413، پنجاب میں 296، بلوچستان میں 119، گلگت بلتستان میں 81، خیبر پختونخوا میں 78 جبکہ اسلام آباد میں 15 اورآزاد کشمیر میں ایک مریض ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے تاہم اس سے ایک بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وائرس سے اب تک 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، 5 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 19 افراد مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔
جہلم سے 14 کیس کنفرم
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم میں کورونا کے مزید 14 مریض کنفرم ہوگئے ہیں اوریہ تمام لوگ یا تو بیرون ملک سے آئے تھے یا ان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
مردان کی ایک یوسی سے 39 مریض
وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ مردان کی یونین کونسل منگا سے 39 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 413 ہوگئی ہے۔ کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 144 ہے، سکھر میں 265 اور دادو میں ایک فرد کرونا وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ کراچی میں 147 کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 91 افراد رابطوں کے ذریعے متاثر ہوئے.
کراچی میں 130 اورسکھر میں 265 مریض زیرِعلاج ہیں، سندھ بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 14 مریض صحتیاب اور ایک جاں بحق ہوچکا ہے۔