کرونا وائرس کے پیش نظر جامعہ الازہر مصر نے باجماعت نمازاور نماز جمعہ کی ادائیگی سے متعلق فتویٰ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جامعہ الازہر مصر نے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے متعلق فتویٰ جاری کیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جامعہ الازہر سے رہنمائی کی درخواست کی تھی۔
جامعہ الازہر کے مطابق عوامی اجتماعات، باجماعت نماز کرونا کے پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں، سرکاری حکام کو باجماعت نمازیں، نماز جمعہ کی منسوخی کا اختیار ہے۔
سپریم کونسل جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں درپیش حالات کو مدنظر رکھا جائے، موذن ’صلوٰۃ فی بیوتکم‘ کے ساتھ ترمیم شدہ اذان دیں۔
جامعہ الازہرکے مطابق اہلخانہ اپنے گھروں میں باجماعت نماز کا اہتمام کرسکتے ہیں، بحران میں طبی احتیاطی تدابیرپرریاستی حکام کے احکامات کی پیروی کریں۔
سپریم کونسل جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ ریاستی عہدیدار باجماعت نماز اور جمعہ کی نمازوں پر پابندی لگاسکتے ہیں، معمرافراد گھروں پر رہیں، باجماعت اور جمعہ کی نمازوں میں شرکت نہ کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزارتک جاپہنچی ہے جبکہ کرونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔