لاک ڈاﺅن کے دوران بہت سے لوگ پکڑے گئے ہیں۔فائل فوٹو
لاک ڈاﺅن کے دوران بہت سے لوگ پکڑے گئے ہیں۔فائل فوٹو

لاک ڈاﺅن کے دوران پکڑے گئے شہریوں کو رہا کرنے کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاﺅن کے دوران پکڑے گئے شہریوں کو رہا کرنے کی ہدایت کردی۔

قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران  وزیر اعظم کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا گیا کہ لاک ڈاﺅن کے دوران بہت سے لوگ پکڑے گئے ہیں۔ کچھ لوگ ٹرکوں میں اپنے گھروں کو جارہے تھے جنہیں گرفتارکرلیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت لوگ مشکل صورتحال سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے گھبرائے ہوئے ہیں اور اس طرح کے قدم اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے لاک ڈاﺅن کے دوران پکڑے گئے افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے 70 فیصد کیسز ایران سے آئے ہیں، گارنٹی نہیں دے سکتے کہ 2 ہفتے بعد کیا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین سے کرونا کا ایک بھی کیس پاکستان میں نہیں آیا، ایران والے کنٹرول نہیں کرسکتے تھے اس لیے انہوں نے لوگ بھیج دیے، ہمارے پاس بھی تافتان میں اتنے انتظامات نہیں تھے، پاکستان میں 70 فیصد کرونا کیسز ایران سے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کرونا ویسے نہیں پھیلا جیسے پوری دنیا میں ہوا ہے۔ کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ 2 ہفتے بعد کیا ہوگا، ہوسکتا ہے کہ یکدم کہیں سے کیسزاوپر چلے جائیں ، ہم نے اپنی تیاری پوری کی ہوئی ہے لیکن گارنٹی نہیں دے سکتے۔