کراچی سمیت سندھ بھر میں پیٹرول پمپس صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے، ان اوقات کا اطلاق آج سے کیا جارہا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق سندھ کے تمام پیٹرول پمپس مالکان کو پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ شام 5 بجے کے بعد پٹرول پمپس پر کسی بھی قسم کی فروخت نہیں ہوگی، پمپس مالکان احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کیلیے عملے پر سختی کریں۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ بوتلوں میں پیٹرول کی تقسیم سے گریز کیا جائے۔
ادھر ترجمان وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والی مسافر ٹریفک پر پابندی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی سرحد پر مسافر بسیں اکٹھی ہو رہی ہیں، ان بسوں کو سندھ سے جانے یا داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ سے پنجاب جانے والے مسافر گاڑیوں کو واپس کیا جا رہا ہے۔