بلاسود قرضے اورآمدن کا پروگرام بھی احساس کے تحت چلنے والے پروگرامز میں شامل ہے۔فائل فوٹو
بلاسود قرضے اورآمدن کا پروگرام بھی احساس کے تحت چلنے والے پروگرامز میں شامل ہے۔فائل فوٹو

8171 نمبر کے علاوہ آنیوالا ایس ایم ایس جعلی ہوگا۔ثانیہ نشتر

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ محنت کش بھائیوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے احساس ایمرجنسی کیش کی 8171 ایس ایم ایس سروس کو مفت کر دیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے ایس ایم ایس سے لے کر رقم وصولی تک کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ آپ محنت مزدوری کرتے ہیں، آپ کی آمدن کرونا وائرس کی صورتحال میں رک گئی ہو تو حکومت 12 ہزار امداد دے گی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ امداد لینے کے لیے موبائل سے پیغام بھیجیں، اہل قرار پا جائیں تو قریبی بینک سے رقم ملے گی۔ امداد لینے کے لیے طریقہ کار اپنانا لازمی ہے۔ حکومت آپ کو امداد ضرور مہیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہاڑی دار، مزدور اور مستحقین احساس پروگرام کی امداد لینے کے لیے 8171 نمبر پر اپنا شناختی کارڈ بھیجیں۔ موبائل پیغام کے ذریعے ایس ایم ایس میں امداد کا اہل قرار پانے والے دوسرے پیغام کا انتظارکریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اہل قرار دیا جائے تو اسے 8171 سے ہی دوسرا ایس ایم ایس آئے گا۔ دوسرے ایس ایم ایس میں اہل افراد کو امداد دینے کی تاریخ بتائی جائے گی۔

ثانیہ نشتر نے خبردارکرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دوسرے نمبر سے آنے والا پیغام یا ایس ایم ایس جعلی ہوگا، لوگ محتاط رہیں۔اہل افراد کو پورے بارہ ہزار روپے ملیں گے، کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔