عدالت نے ایم کیوایم رہنما عامر خان سمیت دو ملزمان کی سزا کے خلاف اپیل منظورکرتے ہوئے انہیں باعزت بری کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی سزا کے خلاف اپیل پر17 سال بعد فیصلہ سنادیا۔ ہائیکورٹ نے عامر خان اور طارق کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزمان کی سزا بڑھانے کے لیے سرکار کی درخواست مسترد کردی۔
استغاثہ کے مطابق فاروق ستار کے حلقہ انتخاب میں الیکشن کے دوران 23 فروری 2003 کو متحدہ کے کارکن انعم عزیزاور محمد نعیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایم کیوایم کے دونوں کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے اس واقعے میں ملوث ہونے پر عامرخان کو 10 برس اور ملزم طارق کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے انہوں نے سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
عامر خان اُس وقت ایم کیوایم حقیقی کے جنرل سیکریٹری تھے۔ ملزم طارق 17 برس سے جیل میں اور عامر خان ضمانت پررہا تھے۔