مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف آج 1.4 ارب ڈالر قرض منظور کردے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف آج 1.4 ارب ڈالر منظور کردے گا، یہ رقم پاکستان کو کورونا کے خلاف اقدام میں بڑی مدد کرے گی، عوام کے لیے ریلیف کے اقدامات بھرپور انداز سے کررہے ہیں اور اس کے لیے فنڈز بروقت فراہم کر رہے ہیں، کورونا سے نقصانات ضرور ہیں لیکن اللہ سے بہتری کی امید ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ملاقات کی، جس میں انہوں وزیراعظم کو کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے 1.4 بلین ڈالر کی اضافی مراعاتی منظوری سے آگاہ کیا۔
انہوں نے وزیراعظم کو حکومت کے اعلان کردہ اقتصادی پیکیج پر عمل درآمد سے متعلق بھی بتایا۔ وزیراعظم نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لئے جی 20 ممالک، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔