وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کی حکومت کورونا وائرس وبا کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے دنیا کی توجہ بھارت کے ظالمانہ اقدام کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کی پرتشدد کارروائیوں سے ہزاروں مسلمان بھوک کا شکار ہیں۔
ہزاروں افرادکوبھوک/مصائب میں پھانسنے والی اپنی ناکام کروناپالیسی کیخلاف ردعمل سےتوجہ ہٹانے کیلئےمودی سرکارکا جان بوجھ کرمسلمانوں کونشانہ ستم بنانا ویسا ہی ہے جیساجرمنی میں نازیوں نے یہودیوں کیساتھ کیا۔نسلی بالادستی کےنظریے ہندوتوا سے مودی سرکار کےگہرے تعلق کا یہ ایک اور ثبوت ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 19, 2020
ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد کو بھوک اور مصائب میں پھانسنے والی اپنی ناکام کورونا پالیسی کیخلاف ردعمل سے توجہ ہٹانے کیلیے مودی سرکار کا جان بوجھ کر مسلمانوں کو نشانہ ستم بنانا ویسا ہی ہے جیسا جرمنی میں نازیوں نے یہودیوں کیساتھ کیا۔ نسلی بالادستی کے نظریے ہندوتوا سے مودی سرکار کے گہرے تعلق کا یہ ایک اور ثبوت ہے۔
مودی سرکار بھارت میں وہی کر رہی ہے جو نازیوں نے یہودیوں سے کیا۔ ارون دھتی رائے
معروف بھارتی سکالر ارون دھتی رائے نے خبردار کیا ہے کہ مودی سرکار بھارت میں وہی کررہی ہے جو نازیوں نے ٹائیفائیڈ کے نام پر یہودیوں سے کیا۔
انہوں نے جرمن میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کا مرض اب تک حقیقی بحران کی وجہ نہیں بنا جبکہ اصل بحران تو نفرت اور بھوک ہے۔
معروف بھارتی سکالر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا کی صورتحا ل پر پوری دنیا کو نظر رکھنے کی ضرورت ہے، بھارتی مسلمانوں کےلیے صورتحال نسل کشی کی طرف جارہی ہے۔۔
انٹرویو انہوں نے خبردار کیا کہ اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکی کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں بھارت میں اس وبائی مرض کی آڑ میں جو صورت حال پیدا ہو رہی ہے، اس پر پوری دنیا کو نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
ارون دھتی رائے کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا وائرس کا مرض اب تک کسی حقیقی بحران کی وجہ نہیں بنا۔ اصل بحران تو نفرت اور بھوک کا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ایک بحران ہے، جس سے قبل دہلی میں قتل عام بھی ہوا تھا۔ قتل عام، جو اس بات کا نتیجہ تھا کہ لوگ شہریت سے متعلق ایک مسلم مخالف قانون کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بھی جب ہم یہ گفتگو ر ہے ہیں کورونا وائرس کی وبا کی آڑ میں بھارتی حکومت نوجوان طلبہ کو گرفتار کرنے میں لگی ہے۔ وکلاء، سینیئر مدیران، سیاسی اور سماجی کارکنوں اور دانشوروں کے خلاف مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں اور ان میں سے کچھ کو تو حال ہی میں جیلوں میں بند بھی کیا جا چکا ہے۔‘‘
ارون دتی رائے سے یہ بھی پوچھا کہ اگر ان کے بقول بھارت میں اصل بحران نفرت کا بحران ہے، تو پھر ایک سیاسی کارکن کے طور پر خود ان کا بھارت کی ہندو قوم پسند حکومت کے لیے اپنا پیغام کیا ہو گا، جو بظاہر کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے؟
متعدد ناولوں کی انعام یافتہ مصنفہ ارون دتی رائے کا کہنا تھا کہ مقصد ہی یہی ہے۔ آر ایس ایس نامی وہ پوری تنظیم جس سے وزیر اعظم مودی کا بھی تعلق ہے اور جو حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پیچھے فعال اصل طاقت ہے۔ کافی عرصے سے یہ کہتی رہی ہے کہ بھارت کو ایک ہندو ریاست ہونا چاہیے۔ اس کے نظریہ ساز بھارتی مسلمانوں کو ماضی کے جرمنی میں یہودیوں سے تشبیہ دے چکے ہیں۔