وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، لیاری میں بھی بہت سارے کیسز آگئے ہیں جبکہ کیسز میں اضافہ میرے لیے پریشانی کی بات ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ڈویژنل کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس ہو ا، جس میں کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنرز بھی شریک ہوئے، دیگر ڈویژن کےکمشنرز و ڈی سیز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے ہر ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد، سہولیات، ٹیسٹنگ سے متعلق معلومات لیں، وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ ڈی سیز کو زیادہ کیسز والے علاقوں میں وائرس کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اس کو ہرصورت کنٹرول کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گھروں میں آئسولیشن کےسب سے زیادہ کیس کراچی کے ضلع وسطی میں ہیں، جبکہ لاڑکانہ میں ایک ضعیف شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے اور لاڑکانہ میں کورونا کی مقامی سطح پر منتقلی کے 2 کیسز ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اپنے اپنے اضلاع میں علاقوں کی نشاندہی کرکے ٹیسٹنگ شروع کروائیں، ٹیسٹنگ کٹس کی کوئی قلت نہیں، لوگوں کو ماسک پہننےکی ہدایات کریں اور تمام ڈی سیز کورونا کے خلاف لڑائی میں مدد کریں۔