آل پاکستان یوٹیلیٹی اسٹور ورکرز یونین نے ہڑتال کردی جس کے سبب ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند ہوگئے ۔
یونین کے چیئرمین سید عارف شاہ کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ پاکستان میں یوٹیلٹی اسٹورورکرز کی تمام یونینز نے متفقہ طورپرکیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز منیجمنٹ اور بورڈ جان بوجھ کرحکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔
عارف شاہ نے کہا کہ جب تک ہمارے تمام جائز حقوق نہیں دیے جاتے اسٹورز کے تالے نہیں کھولے جائیں گے۔
یونین کے صدر نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم فوری ہمارے مسائل حل کرنے کے لیے احکامات جاری کریں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے دو سال سے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی اور کورونا سے حفاظتی کٹس بھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہیا نہیں کی گئیں۔
رہنما یوٹیلیٹی اسٹورورکرزیونین الیاس منہاس نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز عمر حبیب لودھی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر رہے۔ ڈیلی ویجرزکو مستقل نہیں کیا جارہا، تنخواہوں سمیت گریڈ میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ وفاق نے معاملات مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز عمر حبیب لودھی کا کہنا ہے کہ ملازمین کا کام بند کرنا بلیک میلنگ ہے اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
عمرحبیب لودھی نے کہا کہ ملازمین کی جانب سے اس وقت کام بند کرنا درست نہیں۔ ملازمین کی ترقیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کے لیے مراعات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ ڈیلی ویجر ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 15000سے بڑھا کر 17500 کر دی گئی ہے۔
تمام ملازمین کےلیے سالانہ انکریمنٹ دسمبر2019کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بجٹ 2019 کے مطابق تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
حکام نے رمضان ریلیف پیکج کےلیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور اعزازیہ اور یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ نے شہداء پیکج کی بھی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب ورکرزیونین کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے کوئی مطالبہ منظور نہیں کیا گیا اور نہ واجبات کی ادائیگی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے جب کہ مطالبات منظور نہیں ہوتے پورے ملک یوٹیلیٹی اسٹورز بند رہیں گے۔