فائل فوٹو
فائل فوٹو

بی آر ٹی پراجیکٹ کیس۔عدالت عظمیٰ نے حکم امتناع میں توسیع کردی

سپریم کورٹ نے پشاور بی آر ٹی پراجیکٹ کیس میں پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حکم امتناع میں توسیع کردی۔عدالت نے درخواست گزارکے اعتراضات پر خیبرپختونخوا حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پشاور بی آرٹی پراجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی،عدالت نے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حکم امتناع میں توسیع کردی،عدالت نے درخواست گزارکے اعتراضات پر خیبرپختونخوا حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

خیبر پختونخوا حکومت کے وکیل نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل کی تاریخ 31 جولائی ہے، کورونا کی وجہ سے 25 دن کام روک گیا، کنٹریکٹر نے تا حال نئی تاریخ نہیں دی۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ منصوبے پر ایک قدم آگے تو دو قدم پیچھے والی مثال صادق آتی ہے ، بی آر ٹی منصوبہ عوام کے پیسہ سے بن رہا ہے، صوبائی حکومت عوام کے پیسے کی محافظ ہے، پیسہ ضائع ہوجائے تو باز پرس تو ہوتی ہے، عوام کا پیسہ احتیاط سے خرچ ہونا چاہیے۔

عدالت عظمیٰ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے منصوبہ پر درخواست گزارکے اعتراضات پرکے پی کے سے جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔