کورونا سے بچنے کیلیے شہری حفاظتی اقدامات کریں ، ماسک پہنیں۔فائل فوٹو
کورونا سے بچنے کیلیے شہری حفاظتی اقدامات کریں ، ماسک پہنیں۔فائل فوٹو

 سندھ حکومت کے خلاف مہم چلائی گئی۔مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کو پذیرائی ملی تو مخالفین ناراض ہوئے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف مہم چلائی گئی تاہم سندھ حکومت کی پالیسی کو سب نے اپنایا۔ سندھ حکومت نے عوام کے تحفظ کیلیے تمام اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والے مسافروں کی ائرپورٹ پراسکریننگ کی گئی جبکہ سندھ حکومت نے26 فروری سے پہلے ہی اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا تھا۔ سندھ حکومت نے ٹریسنگ، ٹیسٹنگ اور ٹریٹمنٹ کا طریقہ اپنایا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ائرپورٹ پر اسکریننگ صوبائی حکومت کی ذمے داری نہیں تھی۔ 64 ہزار52 افراد کی ائرپورٹ پر اسکریننگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی پذیرائی ہوئی تو مخالفین ناراض ہوئے جبکہ سندھ حکومت نے جو بھی فیصلے کیے وہ ٹاسک فورس کی مشاورت سے کیے۔ سندھ حکومت نے ائرپورٹ پر اپنے ڈاکٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔

زائرین سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ زائرین کو لاڑکانہ، سکھر، ناردرن بائی پاس کراچی میں رکھا گیا۔سندھ آنے والے زائرین میں کورونا کیسز تھے جو تفتان سے داخل ہوئے۔ وفاق نے ابتدائی طور پر زائرین کو تفتان قرنطینہ میں رکھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی حکمت عملی 3 حصوں پر مشتمل تھی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے ڈاکٹر فرقان کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے رپورٹ جلد آ جائے گی،حقائق کا پتہ چل جائے گا۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہاکہ 20 لاکھ راشن بیگز تقسیم کرنے کی کبھی بات نہیں کی، سندھ حکومت نے ایک ارب 8 کروڑ روپے راشن کی مد میں تقسیم کیے، کچھ لوگوں کا کام تنقید کرنا ہے، ہمارا ٹارگٹ اس وباء کو کنٹرول کرنا ہے۔
انہوں نے کہا حلیم عادل شیخ ایک مرتبہ بھی اینٹی کرپشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے، حلیم عادل شیخ پر لگے الزامات کا ایک مرتبہ بھی نیب نے نوٹس نہیں لیا۔