سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا سے 150 پاکستانی متاثر جبکہ 30 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران پاکستانی سفیر نے بتائی۔
پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیرخارجہ کو کورونا کے تناظر میں سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی صورت حال پربریفنگ دی اور اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 209 سے زائد ممالک اور ریاستیں کورونا کا نشانہ بن چکے ہیں اور 38 لاکھ کے قریب لوگ کورونا وائرس کا شکارہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر ممالک کے شہریوں کو زبردستی واپس نہ بھجوانےکا فیصلہ خوش آئند ہے، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور سعودی وزیرخارجہ کو بذریعہ خط بھی شکریہ ادا کروں گا۔