ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک سے جڑے اسپیشل برانچ کے اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اے ایس آئی سید مصورعلی نقوی را سلیپر سیل کا اہم رکن ہے جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور وہ کراچی ایئرپورٹ پر سرویلنس یونٹ میں ڈیوٹی کر رہا تھا۔ ملزم 1991 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا اور محمود صدیقی کی ہدایت پرملزم کو رقم فراہم کی جاتی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم 2008 میں ٹریننگ کے لیے بھارت بھی جا چکا ہے، وہ ایئرپورٹ پر اپنے ساتھیوں کی آمدورفت میں سہولت کاری بھی کرتا تھا۔ ملزم مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی پولیس کا ایک اے ایس آئی گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 6 مبینہ ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔