انجینئرز اور ٹیکینکل اسٹاف نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کام کرنے سے انکارکردیا۔فائل فوٹو
انجینئرز اور ٹیکینکل اسٹاف نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کام کرنے سے انکارکردیا۔فائل فوٹو

بی آر ٹی کے مزدوروں کا 4 ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

بی آرٹی پشاورپرکام کرنے والی کنسٹرکشن کمپنی کولاہور میں بھی ٹھیکہ مل گیاہے،بی آرٹی کے مزدوروں نے 4 ماہ کے بقایاجات اور تنخواہیں نہ ملنے پراحتجاج کیا جس پرکنٹریکٹرکے گارڈز نے مزدوروں کو تشدد کو نشانہ بنایا اور ہوائی فائرنگ کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق بی آرٹی کے مزدوروں نے 4 ماہ کے بقایا جات و تنخواہیں نہ ملنے پر کنٹریکٹرعثمان شیخ کیخلاف احتجاج کیا،پولیس کے مطابق کنٹریکٹرعثمان شیخ بھاری مشینری دوسرے پراجیکٹ کےلیے لاہورلے جارہا تھااس پر مزدوروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ہماری 4 ماہ کی تنخواہیں اور بقایا جات ادا کیے جائیں اس کے بعد آپ مشینری کو لے جا سکتے ہیں ۔

اس پر کنٹریکٹر کے گارڈ نے مزدور پر تشدد کیا اورہوائی فائرنگ کی جس پر مزدور سیخ پا ہوگئے اور روڈ بلاک کردیا۔

اس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں کے درمیان مذاکرات کرائے اور یہ طے پایا کہ 2 ماہ کی تنخواہ فوری ادا کی جائے گی جبکہ 2 ماہ کی تنخواہ بعد میں ادا کی جائے گی تب تک کنٹریکٹر مشینری نہیں لے جائے گا۔کنٹریکٹر نے جرمانے کے طورپردنبہ بھی پیش کیا۔

مقامی اخبارکے مطابق بی آرٹی پشاورپرکام کرنے والی کنسٹرکشن کمپنی کولاہور میں بھی ٹھیکہ مل گیاہے۔ایل ڈی اے نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا ٹھیکہ مقبول ایسوسی ایٹس کو دے دیا ہے۔ مقبول ایسوسی ایٹس نے منصوبے پرسب سے کم بڈ دی تھی۔سالوں میں بی آرٹی پشاورمکمل نہ کرسکنے والی کنسٹرکشن کمپنی کو ایل ڈی اے نے کم بڈ کا جواز پیش کرتے ہوئے ٹھیکہ دیا۔

ذرائع کے مطابق فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کی بنیادی لاگت ایک ارب 9 کروڑ رکھی گئی۔این ایل سی نے ایک ارب 2 کروڑ 49 لاکھ 76 ہزار140 اورحبیب کنسٹرکشن سروسزنے 99 کروڑ 69 لاکھ 70 ہزار984 روپے جبکہ مقبول ایسوسی ایٹس نے سب سے کم 97 کروڑ ایک لاکھ 31 ہزار267 کی بڈ دی۔