ایک اور وفاقی وزیر نیب کے ریڈارپرآگئے، چئیرمین نیب نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے خلاف شکایت کی چھان بین کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق نور الحق قادری پر وزارت مذہبی امور کی عمارت ملی بھگت سے اپنے بزنس پارٹنر نعمان خان کو لیز پر دینے کا الزام ہے، اوپن نیلامی کے لیے دوسرے لوگوں کو پہلے ہی نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
نیب کا کہنا ہے کہ نور الحق قادری کیخلاف شکایت مفادات کے ٹکراؤ کا مقدمہ ہے، وفاقی وزیر سے شکایت کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد نیب پوچھ گچھ کرے گا۔
واضح رہے کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ روز وزارت مذہبی امور کے افسران کیخلاف شکایت پر انکوائری کی منظوری دی تھی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے محکمہ مال راولپنڈی سے 15 مئی تک ان کی تمام جائیداوں کا ریکارڈ طلب کیا تھا تاہم ابھی تک فراہم نہیں کیا جا سکا۔