وزیر پنجاب ٹرانسپورٹ جہانزیب خان اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اورآل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کل سے گاڑیاں چلانے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور کورونا سے بچاؤ کیلیے حکومتی ایس او پیز پرعملدرآمد بھی کرایا جائے گا۔
موٹروے پر چلنے والی ٹرانسپورٹ وفاقی حکومت کے ایس او پیزپرعمل کرے گی اور جی ٹی روڈ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20فیصد کمی کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے دیے گئے ایس او پیزکے مطابق ٹرانسپورٹرز کو نہ صرف سواریوں میں تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا ہو گا بلکہ کرائے بھی کم کرنا ہوں گے۔
ایس او پیز کے تحت مسافروں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رکھاجائے گا۔ روٹ مکمل ہونے کے بعد بس کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا اور بس اڈوں پر سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
مسافروں کیلئے ماسک اور گلوز لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ بخار یا کھانسی سے متاثرہ مسافر وں کو بس میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے عید سے قبل پبلک ٹرانسپورٹ چلانے اعلان کیا گیا تھا مگر ٹرانسپورٹرز ایس او پیزکے معاملے پر تحفظات کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز میں مسافروں کی تعداد پر ڈیڈ لاک تھا۔ ٹرانسپورٹرز نے ایس اوپی کے تحت 50 فیصد مسافروں کے ساتھ گاڑیاں چلانے سے انکار کیا تھا۔