وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ طیاروں کو پیش آنے والے حادثات کی رپورٹس میں میں کسی کو بچایا نہ کسی کو پھنسایا جائے گا۔ 22 جون کو اسے پارلیمنٹ اورعوام کے سامنے رکھ دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ لاہور سے کراچی جانے والی فلائٹ دوران لینڈنگ کریش ہوئی، اس میں کل 99 لوگ سوار تھے جبکہ دو لوگ معجزاتی طورپرمحفوظ رہے۔ اس حادثے میں بارہ سے پندرہ گھر بری طرح متاثر ہوئے۔ گھروں کی املاک اور گلی میں کھڑی گاڑیاں بھی جل گئیں۔
غلام سرور خان نے کہا کہ لاشوں کی شناخت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑا تکلیف دہ مرحلہ ہے، ہماری کوشش ہے جلد ازجلد ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہو جائیں۔ اب تک 51 لاشوں کو شناخت کرکے انھیں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ کیوں؟ کیسے ہوا؟ اور ذمہ دار کون ہے؟ اس سے پوری قوم کا تعلق ہے۔ ایئربس کمپنی کی 11 رکنی ٹیم تحققیات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن بورڈ نے ہر چیز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ فرانس میں ڈی کوڈ کے بعد ساری چیزیں سامنے آ جائیں گی۔ انویسٹی گیشن بورڈ نے ہر چیز کی انکوائری کرنی ہے۔ اگر جہاز میں کوئی تکنیکی خرابی تھی تو وہ بھی ریکارڈ پر ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر جہاز نے لینڈ کیا تو پھر کس نے اٹھانے کا کہا؟ سب انویسٹی گیشن ہوگی۔ ہم میں سے کوئی بھی ایکسپرٹ نہیں،انویسٹی گیشن بورڈ کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک حادثہ 2010ء میں بھی ہوا تھا، آج اعتراض کرنے والوں نے اس وقت کیا کیا تھا؟ پچھلی حکومتوں نے رپورٹ پبلک نہیں کی تو ہم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی رپورٹس کے حوالے سے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ آج تک بروقت رپورٹس کیوں نہیں آتیں؟ ہم تمام 12 واقعات کی رپورٹ قوم کے سامنے رکھیں گے۔
پی آئی اے کا پائلٹ قابل احترام ہمارا بھائی تھا۔ پائلٹ کے لواحقین کو یقین دلاتا ہوں شفاف طریقے سے انکوائری ہوگی۔ رپورٹ میں کسی قسم کی مداخلت کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔
ایک انتہائی اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کریش لینڈنگ کا ایس او پیز موجود ہے، اگر پہیہ نہ کھلے تو پائلٹ کریش لینڈنگ کی درخواست کرتا ہے، تاہم پائلٹ نے نہیں کہا کہ لینڈنگ گیئر نہیں کھل رہے نہ ہی اس نے ایمرجینسی لینڈنگ کا کہا۔ لینڈنگ اورانجن میں کیا پرابلم تھی؟ معاملہ انویسٹی گیشن بورڈ پر چھوڑ دیا جائے، یہ سارے تکنیکی سوالات ہیں۔