دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرحیدرعلی کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔
فاسٹ باؤلرز حسن علی، محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ حسن علی کمرکی انجری اور محمد عامر دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں تھے جبکہ حارث سہیل نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دورہ انگلینڈ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔
حارث سہیل کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کاشف بھٹی، سہیل خان، شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عمران خان اور فواد عالم کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اُدھر فاسٹ باؤلر سہیل خان کی بہت عرصے بعد قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنا نواں اور آخری ٹیسٹ میچ 2016 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا میں کھیلا تھا۔ سہیل خان نے گذشتہ سیزن کے دوران قائد اعظم ٹرافی کے 9 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
سلیکٹرز نے بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ٹور کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ ان چاروں ریزرو کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانگی سے قبل کسی بھی کھلاڑی کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔
29 رکنی قومی اسکواڈ میں میںاوپننگ بلے بازعابد علی (سندھ)، فخر زمان (خیبر پختون خوا)، شان مسعود (سدرن پنجاب) اورامام الحق (بلوچستان)،مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی (سینٹرل پنجاب)، بابراعظم (سینٹرل پنجاب)، اسد شفیق (سندھ)، فواد عالم (سندھ)، حیدرعلی (ناردرن)، افتخار احمد (خیبر پختون خوا)، خوشدل شاہ (خیبر پختون خواہ)، محمد حفیظ (سدرن پنجاب) اور شعیب ملک (سدرن پنجاب)وکٹ کیپرز میں محمد رضوان (خیبر پختون خواہ) اور سرفراز احمد (سندھ) شامل ہیں۔
فاسٹ باؤلرزمیں فہیم اشرف (سینٹرل پنجاب)، حارث رؤف (ناردرن)، عمران خان سینئر (خیبر پختون خواہ)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد حسنین (سندھ)، نسیم شاہ (سینٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، سہیل خان (سندھ)، عثمان شنواری (خیبر پختون خواہ) اور وہاب ریاض (سدرن پنجاب) جبکہاسپنرز میں یاسر شاہ (بلوچستان)، عماد وسیم (ناردرن)، کاشف بھٹی (سندھ) اور شاداب خان (ناردرن) کوچنا گیا۔