برازیل میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے سبب مزید 1239 اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح 21.2 کروڑ آبادی والے ملک میں کوویڈ-19 سے متاثر ہو کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 40,919 ہو گئی ہے۔ برازیل میں اب تک کرونا وائرس کے 802,828 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔
برازیل میں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار حقیقت سے کہیں کم ہیں۔ اس کا سبب یہ بتایا جا رہا ہے کہ حکام متاثرین کی حقیقی تعداد کے انکشاف کے لیے مطلوبہ تعداد میں ٹیسٹ نہیں کر رہے ۔ بعض ماہرین کے مطابق ملک میں کرونا کے متاثرین کی حقیقی تعداد سرکاری طور پراعلان کردہ تعداد سے 15 گنا زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ برازیل دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ کیسوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ اس وبائی مرض کے سبب اموات کی تعداد کے لحاظ سے برطانیہ کے بعد برازیل کا تیسرا نمبر ہے۔