کمشنر کراچی اور لیبر ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔فائل فوٹو
کمشنر کراچی اور لیبر ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔فائل فوٹو

سندھ کابینہ نے 12 کھرب روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی

سندھ کابینہ نے 12 کھرب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی جسے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھوڑی دیر بعد سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے بجٹ میں سرکاری ملازمین، کاشتکاروں اور پرائیویٹ سیکٹر کو ریلیف دیا گیا ہے۔ مالی مشکلات کے باوجود سرکاری ملازمین اور عوام کو ریلیف دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے جبکہ مشکلات کے باوجود ہم نے ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ رکھا ہے اور کوشش کی ہے کہ ایک متوازن بجٹ پیش کریں۔

ذرائع سندھ حکومت کے مطابق بجٹ میں سندھ کے سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔ سندھ کے گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین کے لیے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گریڈ 17 سے گریڈ 21 تک صوبائی حکومت کے افسران کی تنخواہوں میں پانچ فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

سندھ کے نئے مالی سال 21-2020 کا بجٹ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پیش کریں گے۔ بجٹ میں سندھ حکومت کے سرکاری ملازمین کی مالی مراعات میں اضافےکی تجویز دی گئی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔

کورونا ایمرجنسی ریسپانس پروگرام کے لیے پانچ ارب روپے مختص کرنے اور این آئی سی وی ڈی کے لیے پانچ اعشاریہ ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے لیے پانچ ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کی تجویز جبکہ ٹرانسپورٹ کا کوئی نیا منصوبہ بجٹ تجاویز میں شامل نہیں ہے۔ محکمہ صحت کی نئی اسکیمز کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔