طارق عزیزکی وجہ شہرت معروف پروگرام نیلام گھرتھا،فائل فوٹو
طارق عزیزکی وجہ شہرت معروف پروگرام نیلام گھرتھا،فائل فوٹو

دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا آخری سلام

معروف ٹی وی کمپیئرطارق عزیزانتقال کرگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان اور طارق عزیز شو اور بزم طارق عزیز جیسے شہرہ آفاق ٹی وی پروگرام سے شہرت پانے والے طارق عزیزاب اس دنیا میں نہیں رہے۔ان کی عمر84 برس تھی۔

نجی ٹی وی کے مطابق طارق عزیزکے گھر والوں نے بتایا کہ انہیں گلے میں تکلیف کے باعث   ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ جانبر نہیں ہوسکے۔

طارق عزیز1936 میں جالندھر میں پیدا ہوئے تھے تاہم قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال میں حاصل کی۔

انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ جب 1964 میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے تاہم انہیں اصل شہرت 1975 میں پی ٹی وی کے معروف گیم شو نیلام گھر سے حاصل ہوئی جو تقریباً دس سال تک بلاتعطل جاری رہا۔

کئی سال وقفے کے بعد جب نیلام گھر دوبارہ شروع کیا گیا تو اس کا نام ’’طارق عزیز شو‘‘ رکھا گیا۔ اس طرح انہوں نے کم و بیش 40 سال تک اس پروگرام کی میزبانی کی۔

طارق عزیز نے بڑی اسکرین پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی پہلی فلم “انسانیت” 1967 میں ریلیز ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں اور ہار گیا انسان میں بھی اداکاری کی۔

انہیں فنی خدمات پر 1992 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔طارق عزیز 1997 سے 1999 تک رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔

پی ٹی وی کے نامور میزبان طارق عزیز کی کوئی اولاد نہیں تھی جس کے باعث دو سال قبل ہی انہوں نے اپنی تمام جائیداد اور دولت ” ریاست پاکستان “ کے نام کر دی تھی جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا ۔

طارق عزیز کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ "اللہ پاک نے مجھے اولاد نہیں دی یہ خدا کی قدرت ہے جسے چاہے دے جسے چاہے نہ دے اور جسے چاہے دے کہ واپس لے لے۔ میں مرنے کے بعد اپنی ساری جائیداد دولت پاکستان کے نام کرتا ہوں”۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے یہ وصیت کی ہے کہ میرا سب کچھ میرے مرنے کے بعد پاکستان کا ہے۔