سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائزعیسی کی اہلیہ کو ویڈیو لنک پر بیان دینے کی اجازت دے دی۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ نے سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ کو ویڈیو لنک پر بیان دینے کی اجازت دے دی۔
جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ ہم جسٹس قاضی فائزعیسی کی اہلیہ کے گھرپر ویڈیو لنک انتظامات کروا رہے ہیں، دوپہر میں بیان لیں گے، وہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور ہمارے سامنے فریق نہیں، ہماری درخواست ہے کہ بیان دیتے وقت عدالتی ڈیکورم کا خیال رکھتے ہوئے مختصربات کریں اورمناسب الفاظ کا استعمال کریں۔
حکومتی وکیل فروغ نسیم نے دلائل کا آغازکرتے ہوئے کہا کہ بدنیتی پر فائنڈنگ دینے پر جوڈیشل کونسل کے سامنے کوئی چیز مانع نہیں، کونسل بدنیتی کے ساتھ نیک نیتی کا بھی جائزہ لے سکتی ہے۔
جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ کسی جگہ بدنیتی ہوتوعدالت جائزہ لینے کے لیے بااختیار ہے اوراپنے اختیارات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔