وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان وینٹی لیٹر بنانے والے ممالک میں شامل ہو گیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو وینٹی لیٹرز خود بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز ایک انتہائی پیچیدہ مشین ہے، ہر ملک اسے بنانےکی اہلیت نہیں رکھتا، پاکستان کے انجینئرزنے بہت کمال کا کام کیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آئندہ ہفتے8 سے10 وینٹی لیٹرز این ڈی ایم اے کے حوالے کریں گے جبکہ مزید وینٹی لیٹرز کے ڈیزائن پر کام جاری ہے ۔
Federal Minister for Science & Technology @fawadchaudhry announced the launch of the first #MadeInPakistan ventilators. pic.twitter.com/vhYlrRpHs9
— Ministry of Science & Technology (@MinistryofST) June 28, 2020
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا پہلا کیس آیا توہم کچھ بھی خود تیار نہیں کر رہے تھے، آج سے ہم اپنے وینٹی لیٹرزاستعمال کریں گے اور بیرون ملک بھی بھیج سکیں گے۔
خیال رہے کہ تین ہفتے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ کورونا وبا سے لڑنے کے لیے چند ہفتے بعد پاکستان میں وینٹی لیٹرز بننا شروع ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز کےعلاوہ پاکستان تمام سامان خود بنا رہا ہے۔ اسی رفتار سے کورونا جاری رہا تواسپتالوں پربوجھ پڑےگا۔ شہری ماسک پہنیں اور آپس میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔