وفاقی وزیر علی زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے میں ایسی صفائی ہوگی کہ دنیا کی ٹاپ ایئرلائن بن جائے گی جبکہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 28 پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے جن کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیرعلی زیدی نے اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فرازاور بیرسٹر شہزاد اکبرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں دونوں حکومتوں نے ملکی تشخص کو شدید نقصان پہنچایا، شاہدخاقان عباسی اتنے قابل تھے جو وزیراعظم کے ساتھ ایئربلیو کے مالک بھی تھے، 10سال میں پی آئی اے نیچے اور ذاتی کاروبار اوپر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2019 میں ہم نے ایوی ایشن کی نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، اگر گندے انڈے نکال دیں گے تو بہترین ادارہ سامنے آئے گا جب کہ خلاف ضابطہ بھرتیوں میں ملوث افراد کا کڑا احتساب ہوگا۔
وزیراطلاعات اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوام اعتماد رکھیں،اس وقت تمام پائلٹس اسکروٹنی کے عمل سے گزر چکے ہیں، جہاز اڑانے والے تمام پائلٹس تحقیقات کے بعد کلیئر ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سول ایوی ایشن حکام کوتحقیقات جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، اداروں میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، 28 پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔