وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملاقات کرکے مسائل کا حل ممکن بنائیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً کورونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں کراچی کے اہم ترین مسئلے بجلی کے بحران پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بجلی کے بحران پر قابو پانے اورکے الیکٹرک سے متعلقہ معاملات کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی برائے توانائی شہزاد قاسم اور گورنر سندھ عمران اسماعیل شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے جلد ملاقات کرکے مسائل کا حل ممکن بنائیں، اور وزارت توانائی کی جانب سے ہرممکن تعاون کیا جائے۔