7 سے 8 اگست کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے۔فائل فوٹو
26اگست تک تیز بارشوں کا امکان، 100ملی میٹرتک بارش ہوسکتی ہے،محکمہ موسمیات (فائل فوٹو)

کراچی میں موسلادھاربارش۔سڑکیں تالاب بن گئیں

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔حسب معمول شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی ایسے غائب ہوگئی جیسے گدھے کے سر سے سینگ ،شہر بھر میں پانچ سو سے زائد فیڈرٹرپ کرگئے۔کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، لیاقت آباد، سہراب گوٹھ، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، اختر کالونی، کشمیرکالونی، ڈیفنس ویو، پی ای سی ایچ ایس سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش سےبارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سڑکوں پرکئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، کئی علاقوں میں گٹرابل پڑے جس کے باعث گاڑیاں سڑکوں پرپھنس گئیں،ٹریفک جام سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

شاہراہ فیصل ،ریجنٹ پلازہ، ایوان صدرروڈ، تبت سینٹر، انکل سریا اسپتال، شاہین کمپلیکس، ایمپریس مارکیٹ، پریس کلب، کلب چوک، ایم آر کیانی چورنگی، کبوتر چورنگی، ٹاور، جی الانہ چوک، میٹروپول، گلبائی چوک، ماڑی پور ٹرک اڈہ، سلطان آباد، حب ریورروڈ، ایئرپورٹ، نرسری، ناتھاخان، ڈرگ روڈ، نیپا، جوہرچورنگی، بہادرآباد چورنگی، حسن اسکوائر، غریب آباد، بیت المکرم مسجد، پی اےایف بیس، کےڈی اےچورنگی، نارتھ ناظم آباد پل ، 5اسٹارپل، لیاقت آباد10نمبر، جہانگیرروڈ، کریم آبادچورنگی، چمڑاچورنگی، بلال چورنگی، ملیر، نارتھ کراچی، گلستان جوہر،  سعدی ٹاوَن، سپارکو، سپرہائی وے اور اطراف میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔

کراچی کی کئی کچی بستیوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث خواتین اور بچوں کو انتہائی تکلیف دہ صورتحال در پیش ہے۔

کراچی میں سپرہائی وے پرمویشی منڈی میں بھی تیز بارش ہوئی تو جانوروں کی خریداروں کےلیے آئے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجبکہ سبزی منڈی گندگی کا ڈھیر بن گئی،ہر طرف کیچڑہی کیچڑہو گیا۔

گلشن حدید کے علاقے میں 10سالہ بچہ اورلانڈھی میں 22 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا،ایک نوجوان زخمی بھی ہوا،گارڈن کے علاقے فوارہ چوک میں بھی ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا،اورنگی ٹائون میں موٹر سائیکل سوار میں جاگرا،پانی کے تیز بہائوکے باعث لاش کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،کورنگی میں ویٹا چورنگی کے قریب5سالہ بچی نالے میں ڈوب گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میٹ کملیکس میں 79ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرجانی ٹائون میں 69ملی میٹر،گلستان جوہر میں60ملی میٹر،جناح ٹرمینل پر66 ملی میٹر، پہلوان گوٹھ میں 42 ملی ،کلفٹن میں 22ملی میٹر،نارتھ ناظم آباد میں 48ملی میٹر،ناظم آباد میں24ملی میٹر،کیماڑی میں47ملی میٹر بارش ہوئی، ہلکی اوردرمیانی بارش کا سلسلہ کل شام تک جاری رہے گا۔

موسم کی خرابی کے باعث اسلام آبادسے کراچی آنیوالی 2پروازوں کا رخ موڈ دیا گیا۔ ایک پرواز کو نوابشاہ ایئرپورٹ پراتارلیا گیا جبکہ دوسری کو واپس اسلام آباد بھیج دیا گیا۔

دوسری جانب کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب اوراس کے گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار جاری ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس وقت کم سے کم درجۂ حرارت 30 اعشاریہ 5 سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں جنوب مغرب سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔