مقبوضہ جموں و کشمیرکی غیرآئینی طورپرحیثیت بدلنے کا ایک سال مکمل ہوگیا، مودی سرکارکےغیر قانونی اقدام کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال منایا جا رہا ہے، قوم شہرشہرقریہ قریہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر وزیر خارجہ شاہ محمود کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، سینیٹرز اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے شرکا نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ریلی عوام کا کشمیر سے متعلق ریفرنڈم ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، یوم استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے، کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے معیشت کو نقصان پہنچا، بھارت نے شملہ وفد سمیت کسی معاہدے پرعملدرآمد نہیں کیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا امن کے پیغام کے باوجود بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے امن قائم رکھنے کیلئے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا، کشمیر بھارت کے ساتھ ایک قدم چلنے کو تیار نہیں، بھارت کی ہندوتوا سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فرازکی قیادت میں ریلی نکالی گئی، مختلف مکتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا، پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔
کراچی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے تحریک انصاف کی جانب سے ٹرین مارچ کیا گیا، پی ٹی آئی کا ٹرین مارچ سکھر ریلوے اسٹیشن پراختتام پذیر ہوگا۔
مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی منقسم کشمیری خاندانوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء کا کہنا تھا آزادی مانگنے پر بھارت نے کشمیر میں قتل عام کیا، بھارتی ظلم و جبر کو نہ روکا گیا تو خونی لکیر توڑ دینگے، آج مقبوضہ کشمیر پہلے سے بھی زیادہ لہو لہو ہے، کشمیری کسی بھی قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کر کے دم لیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیراسمبلی سے خطاب کریں گے اور یکجہتی واک میں شرکت کریں گے۔
بزرگ حریت راہنما سید علی گیلانی نے 5 اگست کو پورے مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے۔ یوم استحصال کشمیر تقریبات میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔