وزیراعظم عمران خان یوم استحصال کے موقع پرآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی پہنچے اور خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر، صدرمسعود خان، پاکستان کے وفاقی وزیر شبلی فراز، علی امین گنڈاپور، معاون خصوصی معید یوسف اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریارآفریدی بھی کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے مظفر آباد میں مذاحمتی دیوارکا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان کے ہمراہ کابینہ اراکین بھی موجود ہیں۔
یوم استحصال کشمیرکےموقع پر وزیراعظم عمران خان کی آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں آمد پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے استقبال کیا۔ اسمبلی اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد نعت پڑھی گئی جس کے بعد شہدائے کشمیر کیلیے دعائے مغفرت کی گئی۔
اسپیکر شاہ غلام قادرنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کرتے ہیں،5اگست کے بھارتی اقدام کی پوری دنیا نےمذمت کی ہے۔ رکن اسمبلی حسن ابراہیم نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کوغیرقانونی اقدام کیا، کشمیری عوام سے ان کا حق خودارادیت کوئی نہیں چھین سکتا۔
عبدالرشید ترابی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے موثر طریقے سے مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر کیا، مقبوضہ کشمیرکے عوام کے حق خود ارادیت کا مسئلہ درپیش ہے۔جہاد کے علاوہ مسئلہ کشمیرکا اور کوئی حل نہیں،جہاد سفارتی ہو یا کسی اورطریقے کا مگرجہاد سے ہی یہ معاملہ انجام کو پہنچے گا۔
سردارعتیق خان نے کہاکہ نیا نقشہ کشمیری عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے، بیرونی سفارت خانوں میں کشمیری ڈیسک قائم کیے جائیں۔