کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر یونی پلازہ کے قریب پولیس اہلکارکی فائرنگ سے شہری جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹیکنو سٹی کے قریب پیش آیا جہاں دوپارٹیوں کے درمیان لین دین کے معاملے پر جھگڑا ہورہا تھا کہ اس موقع پر پولیس کی مددگار موبائل وہاں سے گزر رہی تھی، اہلکار جھگڑے کو لوٹ مار کی واردات سمجھے اور فائرنگ کردی جس سے ایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔
جاں بحق شخص کی شناخت محمد اسلم عمر کے نام سے ہوئی جس کی عمر48 سال ہے جبکہ زخمی شخص کی شناخت محمد وقارکے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکار میٹھادر تھانےمیں تعینات ہیں،پولیس نے واقعے میں ملوث اہلکار عمران ، سرفرازاورڈرائیور عمران حبیب کو حراست میں لے لیا۔
ڈی آئی جی جنوبی جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ مددگار15 پولیس کے تینوں اہلکاروں سے تفتیش کی جارہی ہے، انہوں نے شہریوں کو مشکوک جانتے ہوئے فائرنگ کی۔