اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکرنے کہا ہے کہ دنیا کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفد سے ملاقات کے بعد پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردارقابلِ تعریف ہے۔
وولکن بوزکرکا کہنا تھا کہ پاکستان یواین مشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے، بلوچستان میں سیلاب سے جانی نقصانات پرافسوس ہوا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکرکو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وولکن بوزکر سے ملاقات کے دوران انہیں افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، مجموعی طور پر آج وولکن بوزکرسے ملاقات خوشگوار رہی۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ امید ہے اقوام متحدہ (یو این) مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے موثر کردار ادا کرے گا۔
وزیر خارجہ نے وولکن بوزکر کو ملاقات کے دوران یو این جنرل اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، ڈی جی یو این اور سینئر افسران بھی ملاقات میں شریک تھے۔