قومی احتساب بیورو(نیب) آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کے باعث مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدرمریم نواز کی نیب میں پیشی منسوخ کردی گئی۔
نیب ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مریم نواز کو دوبارہ طلب کیا جائے گا اور آفس کے باہر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے متعلق تفصیلی مؤقف بعد میں جاری ہوگا۔
مریم نوازنے کہا ہے کہ حوصلہ نہیں ہے تو سوچ سمجھ کر بلانا چاہیے، میں کھڑی ہوں، بلایا ہے تو جواب بھی سنیں، نیب آفس کے باہر کھڑی ہوں، واپس نہیں جاؤں گی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نوازنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے الزامات کا جواب دینے آئی ہوں، مجھے سنا جائے، جواب دیے بغیر نہیں جاؤں گی، نیب نے گیٹ بند کرلیا، جواب دینے آئی ہوں، دروازہ کھولیں۔
قبل ازیں لیگی رہنما مریم نواز کی نیب لاہورآفس میں پیشی کے موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان مشتعل ہوگئے، پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ کارکنوں نے بیرئیر توڑنے کی بھی کوشش کی، لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی، پولیس نے خواتین سمیت کئی مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
مریم نواز نے نیب پیشی سے قبل اپنی والدہ کی قبر پرحاضری دی۔ لیگی رہنما مریم نوازنے کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرنے والی نہیں، وہ اوران کے والد اپنے موقف پر قائم ہیں، میرے اوپر جعلی اراضی کیس بنایا گیا۔
لیگی رہنما قافلے کی صورت میں جاتی امرا رائیونڈ سے نیب آفس پہنچیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز کی نیب کے سامنے پیشی کا فیصلہ وکلا، خاندان اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثںاء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کٹھ پتلی ادارہ بن چکا ہے، حکومت کا ایجنڈا صرف انتقام اور مافیاز کو پالنا ہے، نیب خود طلب کرتا ہے اور پھرر کاوٹیں کھڑی کر کے روکتے ہیں، یہ ظاہرکرنے کیلیے کہ نیب آزاد ادارہ ہے عثمان بزدارکو طلب کیا گیا، حکومت اپوزیشن سے انتقام لے رہی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا تھا پورے شہر میں رکاوٹوں سے حکمرانوں پر طاری خوف دیکھا جاسکتا ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑکے ہر ہتھکنڈے کے باوجود کارکنان نیب پہنچیں گے، فسطائی سوچ اور مسترد حکمران کارکنان کا راستہ روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، ان فسطائی ہتھکنڈوں سے نہ پہلے عوام کا راستہ روکا جاسکا، نہ آج روکا جاسکے گا۔