مریم نواز کی پیشی کے دوران نیب آفس لاہور کے باہر پتھراؤ کے معاملے پرعدالت نے گرفتار ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
پولیس نے 58 لیگی کارکنان کو ضلع کچہری پیش کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسرکی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ ملزمان کیخلاف روڈ بلاک کرنے سمیت 8 دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب قومی احتساب بیورو کی درخواست پر تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، مریم نواز سمیت متعدد ایم پی ایز، ن لیگی رہنما، کارکنوں سمیت 188 افراد نامزد، راناثناءاللہ، محمد زبیر، جاوید لطیف، بلال یاسین، ملک ریاض، عمران نذیر کے نام بھی ایف آئی آر میں شامل ہیں۔
نیب کی درخواست پر مقدمہ 353، 427، 148، 16 ایم پی او سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ متن میں کہا گیا ہے کہ مریم صفدر کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، لیگی رہنما نے اپنے شوہر صفدراعوان کی ایما پر نیب پر حملہ کرایا، کارکنوں کے پتھراؤ سے نیب ملازمین سمیت 13 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔