انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابرافتخارنے کہا ہے کہ بھارت 5 کے بجائے 500 رافیل طیارے بھی خرید لے افواج پاکستان دشمن کو بروقت جواب دینے کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابرافتخارنے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ عالمی رپورٹ میں بھی بھارت میں دہشتگرد گروپس کی نشاندہی کی گئی، بھارت نے اندرونی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے خطے کا امن داؤ پر لگادیا، بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے، کراچی اسٹاک ایکسچینج حملہ ہو یا چینی قونصل خانے پر حملہ، سب کے تانے بانے بھارت سے ہی ملتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ بھارت اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، لیکن جنگیں اسلحے کے زور پر نہیں جیتی جاتیں، بھارت 5 کے بجائے 500 رافیل طیارے بھی خرید لے افواج پاکستان دشمن کو بروقت جواب دینے کے لئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھاکہ پاکستان نے افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان افغانستان میں امن و امان کے قیام کے لئے تیار ہے، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پاک افغان سرحد پر دیر پا اقدامات کیے جارہے ہیں، 2611کلومیٹر پر باڑ پر کاکام مکمل کیا جاچکا ہے، پاک ایران بارڈر پر بھی باڑلگانے کا کام جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ دنیا کا ہر ظلم کشمیریوں پرآزمایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ آزادی کیلیے ڈٹے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ وہاں گزشتہ ایک سال سے کرفیو نافذ ہے۔ دنیا کا ہر ظلم کشمیریوں پر آزمایا جا رہا ہے۔ پیلٹ گنز کا استعمال معمول بن گیا ہے لیکن تمام مظالم کے باوجود کشمیری آزادی کیلیے ڈٹے ہوئے ہیں۔
میجر جنرل بابرافتخارنے کہا کہ حکومت نے ہر فورم پرکشمیرکے مسائل کو اجاگر کیا۔ایک سال میں تین بار مسئلہ کشمیراقوام متحدہ میں زیر بحث آیا جبکہ عالمی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ظلم بے نقاب کیے۔