پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیر میں بھی جشن
پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیر میں بھی جشن

جشن آزادی، مقبوضہ کشمیر کی گلیاں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں

بھارت کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہ نکال سکا، پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیر میں بھی جشن منایا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی بھی گلیاں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہیں جبکہ صورہ میں نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچموں کے ساتھ پریڈ کا مظاہرہ کیا۔
کشمیری کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے باوجود کشمیری 14 اگست منا رہے ہیں، 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر پوری وادی میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔
فوجی محاصرے کے باوجود سری نگر کے در و دیوار پر پاکستان جیوے کے نعرے درج کر دیئے گئے، کشمیریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ لازوال ہے۔ حریت کانفرنس کی اپیل پر کشمیری یوم آزادی ِ پاکستان منا رہے ہیں۔
قابض فوج نے جموں جیل میں قید حریت رہنما اشرف صحرائی کی فیملی کو ان سے ملنے سے روک دیا، دیگر کشمیری رہنماوں کو بھی بھارتی سرکار کی ناجائز پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان میں بھی آج یوم آزادی کے موقع پر قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھے ہوئے ہے، جشن آزادی ریلیوں میں پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیری پرچم بھی لہرا رہے ہیں اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کو نشان پاکستان دیا جائے گا۔