وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی ،پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا کراچی کیلیے اتحاد واتفاق خوش آئند ہے، کراچی کی ترقی کیلیے مل کرکام کرنے کاعزم خوشخبری ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مُرتضیٰ وہاب نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کی تشکیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے 3، 3 نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے، کمیٹی میں سندھ کی جانب سے صوبائی وزرا ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے جب ہ وفاق کی جانب سے وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق شامل ہوں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کمیٹی صوبے کے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں کو دورکرے گی، سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کو تیز اور بروقت مکمل کیا جاسکے، سندھ حکومت صوبے کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کو ہمیشہ سے تیار ہے، تمام حکومتیں مل کر کام کریں گی تو مسائل حل ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہاکہ تینوں جماعتوں کااتحاد کراچی کی تعمیرو ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا،کراچی دشمن عناصر کو یہ اتحاد ایک آنکھ نہ بھائے گا۔
انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کی قیادت میں صوبہ سندھ اورکراچی نے ریکارڈ ترقی کی ہے،سندھ حکومت کراچی کی ترقی میں کردارادا کرنے والوں کو خوش آمدید کہے گی۔
ناصر شاہ نے کہاکہ نالوں کی صفائی سے متعلق وفاقی حکومت اوراین ڈی ایم اے کو خوش آمدید کہا۔وزیراطلاعات سندھ نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی ترقی کیلیے ناقابل فراموش اقدامات کیے،بلاول بھٹو نے ایک دن میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کیا۔