پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سابق صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کو دھمکیاں مت دیں اور قبضے کی باتیں نہ کریں۔
پیپلز پارٹی سندھ کے تحت کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ’کراچی پر وفاق کا قبضہ نامنظور‘ اور ’سندھ کی تقسیم نامنظور‘ کے نعرے لگائے گئے۔
مظاہرے سے نثار کھوڑو نے خطاب کیا اور کہا کہ احتجاج نئےصوبے کا مطالبہ کرنے اور کراچی پر قبضے کا خواب دیکھنے والوں کو جواب ہے۔
انہوں کہا کہ سندھ کو دھمکیاں دینا اور قبضے کی باتیں کرنا بند نا ہوئیں تو سندھ کے عوام نے اسلام آباد کے راستے بھی دیکھے ہوئے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کے کسی شہر کو اسلام آباد کی کالونی نہیں بننے دیں گے، صوبے کے خلاف سازشیں بند نہیں کی گئی تو ایم آر ڈی طرز پر تحریک چلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی کراچی کے ریونیو پر نظر ہےجبکہ سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔
نثار کھوڑو نے یہ بھی کہا کہ وفاق کی حکمران جماعت پی ٹی آئی ’این ایف سی‘ میں صوبے کے حصے سے کٹوتی چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج اور نئے صوبے کی باتیں گیدڑ بھبکیاں ہیں، ایسی باتیں کرکے صوبے کے عوام میں نفرتیں نہ بڑھائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول، گیس، بجلی، کھانے پینے کی اشیاء مہنگی کرکے قرضے اتارنے کی باتیں ہورہی ہے۔