لاہورمیں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 135 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔فائل فوٹو
لاہورمیں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 135 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔فائل فوٹو

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش۔17 افرادجاں بحق

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے 17 افرادجاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورکے علاقے ہربنس پورہ میں زیرتعمیرعمارت کی دیوار ساتھ والے گھر پر گرگئی، ملبے تلے دب کر بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کرامدادی کاروائیاں شروع کیں، تین گھنٹے کی تگ ودو کے بعد زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھرپھالیہ میں مدرسے کی چھت گرنے سے والدہ سمیت چاربہن بھائی جاں بحق ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں،لاشوں اورزخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

شیخو پورہ کے گائوں ملیاں کلاں میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کرایک خاتون اورکمسن بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 7افراد زخمی ہوئے۔ چنیوٹ میں بھی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

جڑانوالہ کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع گاؤں چک نمبر119 گ ب میں خستہ حال چھت گرنے سے ارشد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ فیصل آباد میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

جبکہ کلرکہارمائن ایریابھال میں گھر کی چھت گرنے سے 3 افرادجاں بحق ہو گئے،واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں موقع پر پہنچیں،لاشوں اور5 زخمیوں کو آرایچ سی بوچھال منتقل کردیاگیا،حافظ آباد میں بارش کے باعث مختلف علاقوں میںدیواریں گرنے سے 4افراد زخمی ہو گئے۔

باغوں کے شہرلاہور میں رات سے شروع ہونیوالا بارش سلسلہ تھم نہ سکا، وقفے وقفے جاری بارش سے ہرطرف پانی ہی پانی جمع ہوگیا۔ سڑکیں ڈوب گئیں، انڈر پاس بھر گئے، کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں۔ نشیبی علاقوں میں بھی پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کو نقصان ہوا۔

شہر میں سب سے زیاد ہ بارش لکشمی چوک میں 186 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اپر مال 141، مغلپورہ 74 اور تاج پورہ میں 173 ملی میٹر بارش ہوئی۔ نشتر ٹاؤن میں 123، چوک ناخدا میں 120، پانی والا تالاب میں 141 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

فرخ آباد میں 156، گلشن راوی میں 155، اقبال ٹاؤن میں 131، سمن آباد 153، جوہر ٹاﺅن میں 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ اورایئرپورٹ پر92.6 ملی بارش ہوئی۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، قصور، میانوالی بھکر میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔